سب کچھ اللہ کا ہے


تمھارا کیا ہے؟
سب کچھ اللہ کا ہے، یعنی کہ تم بھی

سب کچھ اللہ کا ہے

بے شک سب کچھ اللہ کا ہے بلکہ ہماری جانیں بھی اللہ تعالیٰ کی امانت ہیں۔ تمام کائنات اور تمام مخلوقات کا خالق ایک اللہ ہے ۔ اللہ تعالی نے انسان کو اپنی صورت پر پیدا فرمایا ہے، اس میں اپنی روح پھونکی ہے، اور وہ ہر ماننے والے انسان کے دل میں بیٹھا ہوا ہے۔ نبی پاک محمد صلی اللہ علیہ وا لہ وسلم نے فرمایا کہ تمام مخلوق اللہ تعالٰی کا کنبہ ہے اور اسی طرح تمام انسان اللہ تعالٰی کا کنبہ اور اس کی نشانی ہیں۔ جیسے صرف اللہ تعالی حقیقی بادشاہ ہے اور اس کی بادشاہت میں کوئی اور اس کا شریک نہیں ویسے ہی صرف اللہ تعالی حقیقی معبود ہے اور اس کی عبادت میں کوئی اور اس کا شریک نہیں۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

ذلكم الله ربكم له الملك لا إله هو فأنى تصرفون [سورة الزمر:6]
“وہی اللہ تمہارا رب ہے، اسی کے لئے بادشاہت ہے، اس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، پھر تم کہاں بھٹک رہے ہو۔”

اللہ تعالی سب کا مالک ہے اور سب اس کی ملکیت ہیں، وہ سب کا حاکم ہے اور سب اس کے محکوم ہیں، وہ ہر ایک سے بے نیاز ہے اور سب اس کے محتاج ہیں۔اللہ تعالی تمام قدری، شرعی اور جزائی احکام کا مالک ہے، وہ سب کی تقدیر وتدبیر کا مالک ہے، وہ سب کی موت وحیات، صحت ومرض، فقر وغنی کا مالک ہے، وہ ہر خیر وشر، نفع وضرر اور امر ونہی کا مالک ہے، وہ ہر ایک کی توفیق اور رشد وہدایت کا مالک ہے، وہ سب کی دنیا وآخرت، حساب وکتاب اور جزا وسزا کا مالک ہے۔

اللہ عز وجل بادشاہوں کا بادشاہ اور سب سے عظیم بادشاہ ہے، اس کی بادشاہت ہمیشہ رہنے والی ہے، اسے کسی وزیر یا مشیر وغیرہ کی ضرورت نہیں، وہ جیسے چاہتا ہے بغیر کسی شراکت ونزاع کے اپنی سلطنت چلاتا ہے، وہ جس کو چاہتا ہے عطا کرتا ہے اور جس سے چاہتا ہے روک لیتا ہے، وہ جسے چاہتا ہے حکومت وبادشاہی دیتا ہے اور جس سے چاہتا ہے چھین لیتا ہے، وہ جس کو چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے ذلت دیتا ہے اور وہ ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔

Tmhara Kya Hay
Sab Kuch Allah Ka Hay Yani K Tum Bhi


اپنا تبصرہ بھیجیں