اللہ کسی شخص کو اس کی طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتا


لَا يُكَلِّفُ ٱللَّهُ نَفْسًا إِلَّا وُسْعَهَا
اللہ کسی شخص کو اس کی طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتا

آیتِ قرآنی



بے شک انسان اتنا کمزور ہے کہ اپنے نفع و نقصان اور موت و حیات اور دوبارہ زندہ ہونے کا مالک نہیں۔ اور اگر اللہ کی رحمت نہ ہوتی تو اپنے اردگرد خوفناک قوتوں اور زبردست خطرات یعنی جانوروں، زہریلے کیڑوں مکوڑوں اور ان مخلوقات کے ساتھ جنہیں اللہ ہی جانتا ہے وہ اس روئے زمین پر زندہ نہ رہ سکتا…یقینا یہ انسان جو مخلوط ‘منی’ سے پیدا ہوا ہے، اتنا کمزور ہے کہ اگر اس کے بدن میں کانٹا چبھ جائے یا ذرا سا زخم ہوجائے تو رات بھر سو نہیں سکتا۔ اگر اس پراللہ کا کوئی ہلکا سا عذاب بھی نازل ہوجائے تو اسے سکون و قرار اور جمع خاطر نصیب نہ ہو… یہ جسمانی حیثیت میں بھی سب سے کمزور ہے۔ اگر جراثیم جو آنکھ سے دکھائی نہیں دیتے، اس پر غالب آجائیں تو اس کی طاقت برباد کردیں اور اگر مکھی اس سے کوئی چیز چھین لے تو واپس نہ لے سکے۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:

﴿وَإِن يَسلُبهُمُ الذُّبابُ شَيـًٔا لا يَستَنقِذوهُ مِنهُ ۚ ضَعُفَ الطّالِبُ وَالمَطلوبُ ٧٣﴾… سورة الحج
“اور اگر ان سے مکھی کوئی چیز چھین لے تو اس سے چھڑا (نکال) نہ سکیں، طالب (انسان) اورمطلوب (مکھی) دونوں کمزور ہیں”

﴿وَلَئِن أَذَقنَا الإِنسـٰنَ مِنّا رَ‌حمَةً ثُمَّ نَزَعنـٰها مِنهُ إِنَّهُ لَيَـٔوسٌ كَفورٌ‌ ٩ وَلَئِن أَذَقنـٰهُ نَعماءَ بَعدَ ضَرّ‌اءَ مَسَّتهُ لَيَقولَنَّ ذَهَبَ السَّيِّـٔاتُ عَنّى ۚ إِنَّهُ لَفَرِ‌حٌ فَخورٌ‌ ١٠ ﴾… سورة هود
“جب ہم انسان کو اپنی کوئی رحمت چکھاتے ہیں پھر اس سے چھین لیتے ہیں تو وہ نااُمید، ناشکرا ہوجاتاہے اور جب ہم اسے پریشانی کے بعد نعمت چکھاتے ہیں تو وہ ضرور کہتا ہے کہ میری پریشانیوں دور ہوگئیں اور اِترانے اور فخر کرنے لگتا ہے”

اکثر اوقات انسان پل بھر میں نااُمید ہوجاتا ہے اور محض نعمت کے چھن جانے سے اللہ تعالیٰ کی ناشکری کرتا ہے اور آسائش کی حالت میں اِتراتا ہے۔ کسی مشکل کو برداشت نہیں کر پاتا۔ نہ کسی تکلیف پر صبر کرتا ہے اور نہ اس کے دور ہونے کی اُمید رکھتا ہے۔ جب اللہ اسے نعمت دیتا ہے تو اس کے زوال کے بارے میں نہیں سوچتا اور مغرور بن کر اکڑتا ہے۔ ایسے لوگ بہت کم ہیں جنہوں نے اپنے نفس کی تربیت صبر اور نیک اَعمال پر کی ہے اور مشکلات کو برداشت کیا اور اللہ کی عطا کی ہوئی نعمت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اور بے شک اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی بساط سے زیادہ اس پہ بوجھ نہیں ڈالتا-



La YukallifuLlahu Nafsan Illa Wus`aha
Allah Kisi Shakhs Ko Iski Taqt Say Zyada Takleef Nahi Deta


اپنا تبصرہ بھیجیں