یہ کتنی شو خ لڑکی ہے


کبھی یہ لوگ کہتے تھے
بڑی چنچل سی لڑکی ہے

ہمیشہ مسکراتی ہے
اور اکثر گنگناتی ہے

چمکتا چاند سا چہرہ
کھنکتا شو خ سا لہجہ

دیے جلتے ہیں آنکھوں میں
بڑی شوخی ہے باتوں میں

فضائیں دیکھ کر اس کو
خوشی سے جھوم جاتی ہیں

چمکتی رات اس کے
نینوں میں سپنے جگاتی ہے

larki-min

تمازت دھوپ کی چہر ے پہ
اس کے گل کھلاتی ہے

کبھی بارش کے موسم میں
سہانے کھیل کشتی کے

کبھی گڑیوں کی شادی ہو
کبھی گیتوں کی بازی ہو

یہ ہر دم پیش رہتی ہے
بڑی الہّڑ سی لڑکی ہے
یہ کتنی شو خ لڑکی ہے

مگر

اب لوگ کہتے ہیں
عجب بے حس سی لڑکی ہے
بہت کم مسکراتی ہے
سدا خاموش رہتی ہے

انہیں معلوم کیسے ہو…؟
وفا کے قید خانے میں
فرائض کے نبھانے میں

جو لڑکی دار چڑھتی ہے
جسے سپنوں کے بننے کی
سزائیں وقت نے دی ہوں

جو رسموں اور رواجوں
کے الاؤ میں سلگتی ہو

لبوں کی نوک پر جس کے
گلے بے جان ہوتے ہوں

جسم کی قید میں جب
روح اکثر پھڑپھڑاتی ہو

تو اک کمزور سی لڑکی
یونہی بے موت مرتی ہے

تو پھر یوں لوگ کہتے ہیں
بہت سنجیدگی اوڑھے
عجب بے حس سی لڑکی ہے

بہت کم مسکراتی ہے
سدا خاموش رہتی ہے

YEH KITNI SHOOKH LARKI HAI


اپنا تبصرہ بھیجیں