العظیم
بہت بڑا
العظیم اللہ تعالیٰ کے صفاتی ناموں میں سے ایک نام ہے۔
العظیم کے معنی ہیں ’’عظمت والا‘‘
سب سے بڑا،وہ اپنی ہر صفت میں بلند شان اورعظمت والا ہے ،وہ عظمت اور شان کی صفات سے متصف ہے۔ وہ ہر چیز سے بڑا، عظیم، جلیل اور بلند ہے۔ اس کے اولیاء کے دل اس کی عظمت کے احساس سے بھرپور ہیں لہٰذا اس کی کبریائی کے سامنے عجزوانکسار کا اظہار کرتے ہوئے سرنگوں ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
اِنَّهٗ كَانَ لَا يُؤۡمِنُ بِاللّٰهِ الۡعَظِيۡمِۙ (الحاقۃ : ۳۳)
بے شک وہ(شخص) اللہ عظمت والے پر ایمان نہ لاتا تھا۔
اللہ تعالیٰ اپنی صفات و اسماء و افعال میں عظیم ہے۔ جس کی قدرت جلیلہ عقل کی حدود سے متجاوز ہے حتی کہ اس کے وجود کا احاطہ ناممکن ہے۔ وہ، اللہ مستحق ہے کہ اس کے بندے خلوص دل و زبان کے ساتھ اس کی تعظیم کریں۔ اور یہ کہ اس کی شریعت اور اس کے احکام پر کسی قسم کا اعتراض نہ کریں۔ مخلوقات اپنے خالق کی کما حقہ ثناء کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔ اور اگر بندوں کو اللہ کی عظمت کا ملہ کا علم ہو جائے تو وہ اس کی موجودگی میں گناہ کبیرہ کا ارتکاب کیونکر کر پائیں۔ یا اس کے دین اور شریعت کا مذاق کیسے اڑائیں۔
ہر صفت میں کامل ہے صرف وہ الکریم
اس سے بڑی نہیں کوئی ہستی عظیم