اندھیروں میں چراغ


اندھیروں میں چراغ وہی جلا سکتے ہیں
جن کے اپنے اندر اجالا ہو

ایسے لوگوں کوہی مثبت اور روشن خیال لوگ کہتے ہیں۔ یہی لوگ صبر وشکر کرنے والے ہوتے ہیںاور یہی باتیں انسان کو دوسرے انسان سے مختلف بناتی ہے جو لوگ ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں وہ یہ سوچتے ہیں کہ ان کے پاس کیا کچھ ہے بجائےاس کے کہ اس کے پاس کیا نہیں ہے جو میرے پاس ہونی چاہیے تھی ۔

برستی بارش کے قطرے سیپ اور سانپ دونوں کے منہ پرگرتے ہیں، لیکن سیپ اس قطرے کو موتی اور سانپ زہر میں تبدیل کر دیتا ہے۔ یہی معاملہ مثبت اور منفی سوچ کا ہے۔ یہ انسان کی اپنی مرضی و منشا پر منحصر ہے کہ وہ منفی روش کے دھارے میں بہہ کر اپنے اور دوسروں کے لیے پریشانی اور مایوسی کا سامان کرتا ہے یا پھر مثبت روی کا دامن تھا م کر خوشی و امید کے دیپ جلاتا ہے۔ ہر چیز کا آغاز سوچ سے ہوتا ہے۔

ہمارے معاشرے میں مثبت خیالی بہت کم پائی جاتی ہے حکومت سے لے کر اپنے محلے کے کسی فرد تک کی صرف منفی باتوں کو اجاگر کیا جاتا اور ان پر تنقیدکی جاتی ہے۔ کسی کی ننانوے اچھی باتوں کو چھوڑ کر صرف ایک بری بات کو ہی اچھالا جاتا ہے، حالانکہ اگر کسی کی بری بات پر تنقید کرنے کو اپنا حق سمجھا جاتا ہے تو اچھائی پر اس کی تعریف بھی کرنی چاہیے۔ منفی سوچ ہمارے معاشرے کی رگوں میں سرایت کر چکی ہے۔ کسی سیاسی و مذہبی جماعت کے کارکن ہوں یا کسی مسلک و فرقے کے افراد کوئی اپنے مخالف کی کسی اچھی بات کی تعریف نہیں کرتا، ہاں اگر ان کی کوئی بری بات نظر آ جائے تو اس کا واویلا کرنا فرض سمجھا جاتا ہے۔ یہی منفی سوچ ہے جو معاشرے میں مایوسی کو جنم دیتی اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔مثبت طرز فکر وعمل کا انجام کامیابی اور منفی کا انجام ناکامی ہے۔

زندگی میں مثبت سوچ اعلیٰ اخلاقی کردار کو تخلیق کرتی، منزل تک رسائی آسان بناتی، مال میں برکت لاتی، اولاد کو صالح بناتی، کامیابیاں سمیٹتی اور مادی فلاح و بہبود کا باعث بنتی ہے۔ دوسری جانب منفی رویہ ہے جو انسان کو ذہنی مریض بناتا، مایوسی پیدا کرتا، حسد و جلن کے الاؤ جلاتا اور رشتوں میں تفریق کراتا ہے۔ مثبت سوچ ہی انسان کی کامیابی کا زینہ ہوتی ہے۔ اگر ہمارے ذہن پر نقش روشن اور خوبصورت ہیں تو اس کا اثر بھی ہماری زندگی پر بہت مثبت اور بہتر ہو گا۔ اگر انسان خوبصورت زندگی بسرکرنا چاہتا ہے تو منفی سوچ سے چھٹکارا حاصل کرنا اور مثبت سوچ اپنانا بہت ضروری ہے اسی طرح انسان صحت مند اور خوشگوار زندگی گزار سکتا ہے اور دوسروں کی رہنمائی کرتا ہے۔

اندھیروں میں چراغ

Andheron Mein Chraagh Vahi Jla Sktay Hen
Jin Kay Apnay Andr Ujala Ho


اپنا تبصرہ بھیجیں