ماں کی دعا


ہر مشکل آساں ہوتی ہے
زندہ جب تک ماں ہوتی ہے

دنیا کی سب سے زیادہ دولت اس کے پاس ہے. جس کی ماں زندہ ہے

ماں کی محبت اور آغوش رحمت وراحت کا احساس اس وقت دل میں بیدار ہوتا ہے۔جب ماں دنیا سے رخصت ہوتی ہے تو اس کی یادیں دل میں تڑپ و لرزہ طاری کردیتی ہیں۔ انسان ماں سے ظاہری طور پر حصول معاش اور روشن مستقبل کی خاطر دیار غیر چلا جاتا ہے۔ اولاد کا لڑکپن، بچپن، ایک ایک لمحہ ماں کی آنکھوں میں اور اس کی انگلیوں کے پوروں پر ہوتا ہے۔ماں پیار، محبت، چاہت، ایثار وقربانی کا نام ماں ہے ۔ دنیا میں سب سے عظیم ترین اور حسین وجمیل رشتہ بھی ’’ماں‘ ‘کا ہے۔

ماں زمانے کی گرم ہواؤں کا سامنا کرتی ہے لیکن اپنے بچوں کو ٹھنڈی ہواؤں میں رکھتی ہے۔ ماں کے وجود سے کائنات میں انسانیت کے رنگ بھرے ہیں۔ ماں دنیا میں جنت کا روپ ہے۔ اس کے چلے جانے کے بعد دنیا کی تمام چاہتیں، محبتیں چلی جاتی ہیں۔ ماں کی محبت میں بچوں کے لئے ظاہری ودنیاوی لحاظ سے تفریق وتقسیم نہیں ہوتی اور تمام بچوں سے حقیقی اور یکسانیت کی بنیاد پر پیار کرتی ہے

لوگ کہتے ہیں کسی ایک کے چلے جانے سے زندگی نہیں رکتی
لیکن یہ کوئی نہین جانتا کہ لاکھوں کے مل جانے سے بھی ایک ماں کی کمی پوری نہیں ہو سکتی

ماں کی موجودگی میں انسان کو کسی ذمہ داری کا احسان نہیں ہوتا لیکن ماں کے دنیا سے چلے جانے کے بعد آٹے دال کا بھاؤ پتہ چل جاتا ہے۔ ماں جب دنیا سے چلی جاتی ہے تو تمام رشتے ناطے، محلے داری، احساسات ختم ہوجاتے ہیں اور یہ احساس ہوتا ہے کہ سارے رشتے ناطے ماں کی زندگی کی رونقوں سے وابستہ ہوتے ہیں۔ ماں کی وہ یادیں اس وقت انسان کے دل کو تڑپادیتی ہیں جب اسے اسکول کا زمانہ، اسکول کی تیاری کرنا، اسکول تک پہنچنا، اسکول سے واپسی پر ماں کا آنے والے راستوں کو دیکھنا، وہ تڑپ وانتظار کہ میرا لعل کب گھر لوٹ کر آئے گا۔ دنیاوی ضرب المثل ہے کہ ہر کامیاب شخص کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہے۔ اس بات کی اصطلاحات کی ضرورت ہے کہ وہ ہاتھ بیوی کا یا کسی اور خاتون کا نہیں بلکہ وہ ماں کا ہاتھ ہے۔

انسان ماں کے دنیا سے چلے جانے کے بعد اپنی ماؤں کو یادکرتے ہیں اور ان کی قبروں پر حاضری دیتے ہیں۔ ماں کی قبروں پر کھڑے ہو کر انسان کو وہ لمحات یاد آتے ہیں۔ جب وہ ماں کی آغوش میں رہا کرتا تھا

ماں کے جو قریب ہوتے ہیں
دشمن بھی ان کے حبیب ہوتے ہیں

ماں جن کے پاس ہوتی ہے
وہ لوگ کہاں غریب ہوتے ہیں

ماں جن کی زندہ ہوتی ہے
وہ بہت خوش نصیب ہوتے ہیں

Har Mushkil Asaan Hoti Hai
Zinda Jab Tak Maa Hoti Hai


اپنا تبصرہ بھیجیں