معاشرہ – سعادت حسن منٹو


ہمارا معاشرہ ایک عورت کو کوٹھا چلانے کی اجازت تو دیتا ہے مگر تانگہ چلانے کی نہیں

ایک دن کمیٹی والوں نے نیتی کو بلایا اور اس کا لائسنس ضبط کر لیا۔ وجہ یہ بتائی کہ عورت ٹانگہ نہیں چلا سکتی ۔

نیتی نے پوچھا ’’ جناب عورت ٹانگہ کیوں نہیں چلا سکتی۔‘‘

جواب ملا ’’ بس نہیں چلا سکتی تمہارا لائسنس ضبط ہے۔‘‘

نیتی نے کہا ’’ حضور آپ گھوڑا ٹانگہ بھی ضبط کر لیں پر مجھے یہ تو بتائیں کہ عورت کیوں ٹانگہ نہیں جوت سکتی؟ عورتیں چرخہ چلا کر اپنا پیٹ پال سکتی ہیں۔ عورتیں ٹوکری ڈھو کر روزی کما سکتی ہیں۔ عورتیں لینوں پر کوئلے چن چن کر اپنی روٹی پیدا کر سکتی ہیں۔مجھے اور کچھ آتا ہی نہیں، ٹانگہ گھوڑا میرے خاوند کا ہے۔ میں اسے کیوں نہیں چلا سکتی؟ میں اپنا گزارہ کیسے کروں گی؟ حضور آپ رحم کریں۔ محنت مزدوری سے کیوں روکتے ہیں مجھے؟ میں کیا کروں ، بتائیے نا مجھے۔‘‘

افسر نے جواب دیا ’’جاؤ بازار میں جا کر بیٹھو۔ وہاں زیادہ کمائی ہے‘‘۔

(افسانہ ’’ لائسنس‘‘ مشمولہ ’’خالی بوتلیں خالی ڈبے‘‘)
سعادت حسن منٹو

Hmara Ma’ashara Aik Aurat Ko Kothaa Chalany Ki Ijazat To Daita Hai
Par Taanga Chalany Ki Nahin
Saadat Hasan Manto


اپنا تبصرہ بھیجیں