رب نے دامن نہیں دیکھا میرا


ادھر سے سمیٹوں تو ادھر سے بکھر جاتی ہیں۔۔
نعمتیں دیتے ہوئے رب نے دامن نہیں دیکھا میرا

نعمتیں بکھر جاتی ہیں۔۔

وَآتَاكُمْ مِنْ كُلِّ مَا سَأَلْتُمُوهُ
’’اور جو کچھ تم نے مانگا سب میں نے تم کو عنایت کیا۔‘‘(ابراہیم : 34)

وَإِنْ تَعُدُّوا نِعْمَتَ اللَّهِ لَا تُحْصُوهَا
’’اور اگر اللہ کے احسان گننے لگو تو شمار نہ کر سکو ۔‘‘ (ابراہیم : 34)

ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’اللہ کی نعمتوں کو یاد کرو تاکہ نجات حاصل کرو۔‘‘ (الاعراف : 69)

اللہ تعالی نے نعمتوں کی بقا و دوام اور زیادتی کے لیے صرف ایک شرط رکھی ہے، جی ہاں! صرف ایک شرط، اور وہ یہ ہے کہ ان نعمتوں کو پاکر اس منعم حقیقی کی احسان شناسی اور شکرگذاری کریں-

جب ایک شخص آپ پرکوئی معمولی احسان کرتا ہے تو بے ساختہ آپ کے زیرلب ‘‘شکریہ، تھینک یو، جزا ک اللہ خیرا جیسے الفاظ آجاتے ہیں اور اگر اسی نے آپ کو کسی تنگی سے نکال دیا اورنازک وقت میں آپ کے کام آیا توآپ اس کے احسان شناس بن جاتے ہیں اور اس کے احسان کا اعتراف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘‘نہ جانے کن الفاظ میں آپ کا شکرادا کروں’’ ،‘‘آپ کی شکرگزاری کےلیے ہمارے پاس الفاظ نہیں’’ ، اب ہمیں جواب دیجئےآپ کا یہ معاملہ ایک معمولی انسان کے ساتھ ہوتا ہے اورایسے انسان کے ساتھ جس سے کبھی کبھار ایسا سابقہ پڑتا ہے، تو پھرمالک ارض وسما اوررب العالمین کے ساتھ ہمارا معاملہ کیسا ہونا چاہئے جس کا ارشاد ہے:

وَأَسْبَغَ عَلَيْكُمْ نِعَمَهُ ظَاهِرَةً وَبَاطِنَةً (سورہ لقمان 20
‘‘اور تمہیں اللہ تعالی نے اپنی ظاہری وباطنی نعمتیں بھرپور دے رکھی ہیں’’۔

جی ہاں !بندے پراللہ تعالی کی بے شمار، انگنت اور لامتناہی نعمتیں ہیں، قطرہ آب سے پیدا ہونے والا انسان کبھی کچھ نہیں تھا، اللہ تعالی نے اسے نو مہینہ تک رحم مادرمیں رکھا، کرہ ارض پر وجود بخشا، اور بے شمارظاہری وباطنی نعمتوں سے نوازا-

وَاللَّـهُ أَخْرَجَكُم مِّن بُطُونِ أُمَّهَاتِكُمْ لَا تَعْلَمُونَ شَيْئًا وَجَعَلَ لَكُمُ السَّمْعَ وَالْأَبْصَارَ وَالْأَفْئِدَةَ ۙ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُونَ (سورہ النحل آیت نمبر78
’’اللہ نے تم کو تمہاری ماؤں کے پیٹوں سے نکالا اس حالت میں کہ تم کچھ نہ جانتے تھے، اُس نے تمہیں کان دیے، آنکھیں دیں، اور سوچنے والے دل دیے، اس لیے کہ تم شکر گزار بنو۔‘‘

اس منعم حقیقی نے دیکھنے کے لیے دو آنکھیں دیں، سننے کے لیے دوکان دیا، چلنے کے لیے دو پیر دیا، پکڑنے کے لیے دو ہاتھ دیا، سونگھنے کے لیے ناک دیا، بولنے کے لیے زبان دیا اور سمجھنے اور رطب و یابس میں تمیز کرنے کے لیے عقل و دماغ دیا اور پھر مال و دولت، لباس و پوشاک، گھر و مکان، آب و دانہ ، صحت و عافیت، آل و اولاد اور خوشحال و سعادتمند زندگی عطا کی، ان نعمتوں کی قدر وہی جان سکتا ہے جو ان نعمتوں سے محروم ہو، مال ودولت کی اہمیت جاننا ہوتو فقیروں سے پوچھیے، گھر ومکان کی قیمت جاننا ہو تو بے گھروں اور وقتی خیموں میں پناہ لینے والوں سے پوچھیے، آب و دانہ کی اہمیت جاننا ہوتو فاقہ کشوں سے پوچھیے، آل و اولاد کی نعمت جاننا ہو تو آل اولاد سے محروم کو دیکھیے، صحت و عافیت کی نعمت جاننا ہو تو بیماروں کو دیکھے- غرض ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کر سکیں اتنا ہی کم ہے۔

Idhr Say Smaiton To Udhr Say Bikhr Jati Hein
Naimten Detay Huy Rabb Nay Daamn Nahi Dekha Mera


اپنا تبصرہ بھیجیں