غرور ایک شیطانی صفت


دعا کریں کبھی غرور نہ آئے…

ﷲ تعالی نے انسان کو بے شمار خوبیوں سے نواز رکھا ہے اور ان خوبیوں میں ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ انسان بُرے سے بُرے حالات میں بھی اپنے آپ کو سنبھال کراپنے روشن مستقبل کی جدوجہد کرتا رہے – اسکے ایسے حالات بھی بن جاتے ہیں کہ وہ تنکوں کی طرح بکھر جاتا ہے اور کمزور ارادوں کی وجہ سے بہت بار دلبرداشتہ بھی ہو جاتا ہے- اور اپنی زندگی کی ہر چیز سے اکتا جاتا ہے- اور اس کے بر عکس دیکھیں تو جب انسان کے حالات اس پہ مہربان ہوں اور دکھ تکالیف اس سے دور ہوں توغرور آنے میں دیر نہیں لگتی-

انسان کس چیز پر مغرور ہوسکتا ہے؟

حُسن پر؟ ابلتا تیل تو بہت بڑی چیز ہے ، ابلتا دودھ بھی سارے حسن کو غارت کرنے کیلئے کافی ہے۔

دولت پر؟ یہ ایسی بے وفا محبوبہ ہے جسے کہیں قرار نہیں، آج آپ کے لاکر کی زینت تو کل میرے گلے کا طوق، پرسوں ہم دونوں کو طلاق دے کر کسی اور کے ساتھ آشنائی کرے۔

جوانی یا توانائی پر؟ روز ڈھلتے سورج سے کوئی تو سبق حاصل ہونا چاہئے۔

ذہانت و علم پر؟ ارسطو اور سقراط سب کچھ تھے مگر مغرور نہیں۔

عہدہ؟ کس کا باقی رہا؟ کل جن پر حکم چلاتے تھے ریٹائرمنٹ کے دوسرے دن انہیں کی خدمت میں حاضر ہوکر پنشن کیس نپٹوانا ہے!

الغرض فانی چیزوں پر غرور کیونکر؟ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے، وہ یا تو اللہ کا عطا کردہ ہے یا ہم نے غلط راستوں سے اس کو ہتھیا لیا ہے۔ دونوں کو ہم سے چھیننے کا کلی اختیار اللہ کے ہاتھ میں۔ جس چیز میں دوام نہیں اس پر غرور کرنا انتہائی پست درجے کے لوگوں کا کام ہے۔

غرور چونکہ ایک شیطانی صفت ہے اسلئے یہ انسان سے اس کی انسانی صفات چھین لیتا ہے۔دوسروں کو حقیر سمجھ کر ان سے بے اعتنائی اور کنارہ کشی اختیار کرنا اس کا پہلا لازمی نتیجہ ہے۔اس طرح انسان دوسروں کی محبت ، رفاقت اور نیک مشوروں سے محروم ہوجاتا ہے۔خود اس کے اندر چڑچڑاپن پیدا ہوجاتا ہے اور وہ سماج سے الگ تھلگ ہوکر رہ جاتا ہے۔

دعا

اللہ نے اپنے کلام میں جگہ جگہ متکبرین کو وعید سنائی ہے اور ان کیلئے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار فرمایا ہے۔غرور کا چور دروازہ انسان کے اندر صرف یہ معمولی سا احساس ہے کہ میں کسی معاملے میں کسی سے برتر ہوں۔ یہ احساس جہاں شروع ہوا سمجھ لیجئے کہ شیطان نے اپنا ڈیرہ جمالیا۔اس لئے دعا گو رہیے کہ کبھی غرور نہ آئے- آمین –

Dua Kren, Kbhi Groor Na Aye
Kiun Keh Groor Aik Shitani Sifat Hay


غرور ایک شیطانی صفت” ایک تبصرہ

  1. ماشاءاللہ شعور کی طرف سے بہت عمدہ عمدہ پوسٹ شائع کی جاتی ہے, میں انکا تہے دل سے شکر گزار ہوں, ایک درخواست بھی ہے ہم تمام کی طرف سے شعور کی پوری ٹیم کو, کہ, محبت بھرے لہجے کی پوسٹ شائع کرنے کی زحمت کریں…!!

Leave a Reply to عبدالماجد Cancel reply