رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کی دُعا


بسم اللہ الرحمن الرحيم

دوسرا عشرہ مغفرت

استغفراللہ ربي من كل ذنب واتوب اليہ
میں اللہ سے تمام گناہوں کی بخشش مانگتا ہوں/ مانگتی ہوں جو میرا رب ہے اسی کی طرف رجوح کرتا/ کرتی ہوں

رمضان المبارک کا عظیم الشان پہلا عشرہ جہاں اپنی رحمتوں سے بنی آدم کو ڈھانپ کر ختم ہوتا ہے، وہیں دوسرا عظیم الشان عشرہ دستک دیتا ہے۔ دوسرا عشرہ، اپنے اندر پہلے عشرے سے زیادہ اجر و ثواب سموئے ہوتا ہے۔ رمضان المبارک ﷲ تعالیٰ کی رحمت و بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے، وہ لوگ خوش قسمت ہیں جنہوں نے اس مبارک و مقدس مہینے میں روزہ ا ورعبادت کے ذریعہ اﷲ تعالیٰ کو راضی کیا، اللہ تعالیٰ کی اپنے بندوں کے لیے نعمتوں اور انعامات کا شمار ممکن نہیں لیکن اللہ کی ان نعمتوں میں رمضان المبارک کو ایک منفرد حیثیت حاصل ہے۔ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس مہینے کا انتظار رہتا تھا اور اس کا شوق سے استقبال کرتے تھے، رمضان المبارک کا پہلا عشرہ یعنی عشرہ رحمت اختتام پذیر ہوا اور دوسرا عشرہ یعنی عشرہ مغفرت کا آغاز ہوچکا ہے۔



ماہ رمضان مغفرت کا وہ عظیم الشان مہینہ ہے کہ جو شخص اس کو پانے کے بعد بھی مغفرت سے محروم رہ گیا وہ انتہائی بدقسمت اور حرماں نصیب ہے۔ توبہ واستغفار اس مہینہ کے اہم ترین مقاصد میں سے ہے۔ جس شخص کی توبہ قبول ہوگئی، اور رب نے اسے بخش دیا، وہ رمضان کے فضائل وبرکات سے محظوظ ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ ہر لمحہ توبہ واستغفار کرتے تھے۔ بہت سی قومیں ایسی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے توبہ و استغفار کرنے کی وجہ سے ان پر سے عذاب ٹلا دیا، سورۂ یونس میں اللہ تعالیٰ نے حضرت یونس علیہ السلام کی قوم کا ذکر فرمایا ،عذاب ان کے قریب آچکا تھا اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے عذاب دیکھ لیا تھا، لیکن اللہ تعالیٰ کی طرف سے توفیق ہوئی اور ساری قوم اپنے گھروں سے باہر نکل آئی اور اللہ تعالیٰ سے رو کر اور گڑگڑا کر توبہ کی تو اللہ تعالیٰ نے ان پر سے عذاب کو ہٹا دیا۔

حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے !
رمضان کو اس لیے رمضان کہا جاتا ہے چونکہ یہ گناہوں کو جلا دیتا ہے

اس مبارک ماہ کی ان تمام فضیلتوں کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں کو اس مہینہ میں عبادت کا خاص اہتمام کرنا چاہیے اور کوئی لمحہ ضائع اور بے کار نہیں جانے دینا چاہیے، بالخصوص رمضان کا دوسرا عشرہ ہمارے لیے بڑی برکات کا حامل اور قیمتی ہے جس میں ہم اپنے تمام صغیرہ و کبیرہ گناہوں سے معافی مانگ کر اﷲ تعالیٰ کے حضور پاک و صاف پیش ہوسکتے ہیں۔ اﷲ پاک ہم سب کو عمل کی توفیق عطاء فرمائے، اور اپنے نفس کا تذکیہ کرکے تقویٰ اختیار کرنے کی توفیق عطاء فرمائے، آمین ۔

Bismillah Hirrahman Nirrahim
Dosra Ashra Maghfarat
Astaghfirullahi Rabbi Min Kulli Zambin Khatyatin Wa atuboo I’lay
Mein Allah Sy Tamaanm Gunaahoon Ki Bakhshish Mangta Hoon/ Mangti Hoon Jo Mera Rab Ha. Uski Taraf Rujooh Karta/Karti Hoon


اپنا تبصرہ بھیجیں