وہ مشہور اپنی رحمت سے


روز گناہ کرتا ہوں، وہ چھپاتا ہے اپنی رحمت سے
میں مجبور اپنی عادت سے، وہ مشہور اپنی رحمت سے

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا اللہ رب العزت فرماتے ہیں جو ایک نیکی لائے گا اس کا 10گنا ثواب ہوگا اور میں اور بھی زیادہ اجر عطا کروں گا اور جو برائی لائے گا تو اس کا بدلہ اسی کے برابر ہوگا یا میں اُسے معاف کردوں گا۔ اور جو مجھ سے ایک بالشت قریب آئے گا میں ایک ہاتھ اس کے قریب آؤں گا اور جو مجھ سے ایک ہاتھ قریب آئے گا، میں چار ہاتھ اس کے قریب آؤں گا۔ جو میرے پاس چل کر آئے گا میں اس کے پاس دوڑ کر آؤں گا۔ جس نے پوری زمین کے برابر گناہ کرکے مجھ سے ملاقات کی بشرطیکہ میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کیا تو میں اس کی مغفرت کردوں گا۔ (مسلم ، کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ والاستغفار)

گناہ کرنا ہم انسانوں کی فطرت میں ہے- ہم ہر روز گناہ کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنی رحمت سے چھپا لیتا ہے اور چھپاتا بھی ایسے ہے جیسے معاف کر دیا ہو- جب تک انسان کو گناہ کا شعور رھے تب تک وہ نیک ھی ھوتا ھے، اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا کہ اگر تمہیں نیکی کر کے خوشی محسوس ھو تو تم نیک ھو اور اگر تمہیں گناہ سرزد ھونے پہ ندامت ھو تو تم نیک ھو- نیک بے گناہ ھونا نہیں ھوتا، بلکہ گناہ کے بارے میں حساس ھونا ھوتا ھے، آدم علیہ السلام کا کمال بے گناہ ھونا نہیں تھا بلکہ گناہ پر پشیمان ھونا تھا-

حضرت ابی موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا اللہ عزوجل رات بھر ہاتھ پھیلائے رکھتے ہیں کہ دن میں گناہ کرنے والے (رات کو) توبہ کرلے اور دن بھر ہاتھ پھیلائے رکھتے ہیں کہ رات کو گناہ کرنے والے (دن میں) توبہ کرلے یہاں تک کہ سورج مغرب سے طلوع ہو یعنی قیامت آجائے ۔ (مسلم ، کتاب التوبہ)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ ہر رات آسمان دنیا پر آتے ہیں جب آخری ایک تہائی رات باقی رہ جاتی ہے پس وہ فرماتا ہے کوئی ہے مجھ سے دعا کرنے والا میں اس کی دعا قبول کروں، کوئی ہے مانگنے والا میں اسے دوں، کوئی ہے جو مجھ سے بخشش طلب کرے تو میں اسے بخش دوں۔ (سنن ابی داو)

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ ر وایت کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ کی مخلوق پر رحم کرنے والوں پر اللہ رب العزت رحم فرماتے ہیں، تم اہل زمین پر رحم کرو، آسمان والا تم پر رحم فرمائے گا۔ (ابوداود، ترمذی)

Roz Gunah Kerta Hoon, Wo Chupata Hai Apni Rehmat Se
Mein Majboor Apni Aadat Se, Wo Mashhoor Apni Rehmat Se


اپنا تبصرہ بھیجیں