مائوں تمہارے ہاتھ میں چابی بہشت کی


مائوں تمہارے ہاتھ میں چابی بہشت کی
اور کوڈ اِس بہشت کا اعمالِ صالحہ

صالح چلن ہو آپ کا اور چال صالحہ
گودئوں سے تب ہی نکلیں گے اطفالِ صالحہ

صدیوں تمہارے کام کی گونجے گی بازگشت
ہر نسل تم سے پائے گی اقبالِ صالحہ

قُربِ خدا نصیب میں اس ماں کے ہے ضرور
ہر پل جسے نصیب ہیں ، اشغالِ صالحہ

ماں

تہذیب ِ مغربی کی نہ تقلید تُم کرو
پیشِ نظر رہیں سدا امثالِ صالحہ

ایسی تمہاری شان ہو ایسا جلال ہو
پردوں میں چُھپ نہ پائیں یہ اَجلالِ صالحہ

اُن پر بھرے شباب میں تقویٰ کا نور ہے
تنہائی میں بھی جن کے ہیں افعا لِ صالحہ

خوش بخت ہیں وہ بیٹیاں جن کو نصیب ہیں
دونوں طرف سے میکہ و سسرالِ صالحہ

پگھلو خدا کے عشق میں ہر آن ہر گھڑی
برسیں دلوں پہ ٹوٹ کے افضال ِ صالحہ

مائوں تمہارے ہاتھ میں چابی بہشت کی
اور کوڈ اِس بہشت کا اعمالِ صالحہ

روحانیت کی پاک فضائو ں میں تم اُڑ ئو
مل جائیں غیب سے یہ پر و بالِ صالحہ

جلتا ہے اس دیئے میں پسینہ بھی خون بھی
تب جا کے ہاتھ آتے ہیں اموالِ صالحہ

ہر گھر میں امن و چین ہو ہر گھر میں ہو سکوں
ہر گھر پہ برکتوں کے ہوں انزالِ صالحہ

ہرگز کسی کا دل نہ دُکھائو زبان سے
نکلیں لبوں سے ہر گھڑی اقوالِ صالحہ

سایہ خدا کے پیار کا عرؔشی سروں پہ ہو
انفاسِ قدسیہ ملیں اظلالِ صالحہ

مائوں تمہارے ہاتھ میں چابی بہشت کی
اور کوڈ اِس بہشت کا اعمالِ صالحہ

عرؔشی ملک

Maaon Tumhary Hath Mein Chaabi Behisht Ki


اپنا تبصرہ بھیجیں