طب نبویؐ کی روشنی میں مندرجہ ذیل چیزوں کی افادیت
زیتون کے فوائد:
رسولﷺ نے فرمایا’’زیتون کھایا کرو اور اس کے تیل کی مالش کیا کرو اس لئے کو جو شخص روغنِ زیتون کی مالش کرتا ہے اس کے پاس چالیس روز تک شیطان نہیں آتا‘‘۔
کھجور کے فوائد:
حدیث نبویؐ ہے کہ ’’کھجور کھایا کرو، کھجوروں میں سب سے بہتر برنی کھجور ہے کیونکہ یہ پیٹ سے بیماری کو نکالتی ہے اور کھجور میں کوئی بیماری نہیں ہے۔
کدو کے فوائد:
آنحضوؐر نے فرمایا ’’اے لوگو:کدو زیادہ کھایا کرو کیونکہ یہ دماغ کی قوت بڑھاتا ہے‘‘۔
ثرید کے فوائد:
آنحضوؐر کو سب سے پسندیدہ اور مرغوب کھانا ثرید تھا۔ شوربے میں روٹی بھگونے کو ثرید کہا جاتا ہے۔ یہ کھانا قلب و دماغ کو تقویت دیتا ہے اور زود ہضم ہوتا ہے۔
انار کے فوائد:
ایک حدیث نبویؐ ہے کہ ہر انار میں ایک قطرہ جنت کے پانی کا ضرور ہوتا ہے۔ انار خون صاف کرتا ہے۔ معدے کی اصلاح کرتا ہے۔ طبیعت نرم کرتا ہے۔ جگر میں قوت پیدا کرتا ہے۔ رنگ نکھارتا ہے۔ دماغ کی طرف بخارات کو چڑھنے سے روکتا ہے۔
انگور کے فوائد:
رسول اللہﷺ پھلوں میں انگور کو بہت پسند فرماتے تھے۔ حکمت یہ ہے کہ انگور خون صاف کرتا ہے۔ بدن کو فربہ کرتا ہے۔ گردے پر چربی چڑھاتا ہے۔
چقندر کے فوائد:
ایک بار رسول اکرمؐ ام متذر کے ہاں گئے۔ حضرت علیؓ ان کے ہمراہ تھے۔ اس وقت گھر میں کھجور کے خوشے لٹکے ہوئے تھے۔ آنحضوؐر نے ان کھجوروں میں سے تناول فرمائیں تو حضرت علیؓ بھی کھانے لگے اس پر آپؐ نے ارشاد فرمایا کہ ’’اے علی! تم کمزور ہو اس لئے تم نہ کھاؤ‘‘۔
دودھ کے فوائد:
حضرت ابن عباس سے روایت ہے کہ پینے کی چیزوں میں رسول اللہﷺ کے نزدیک دودھ بہت عزیز تھا۔ حکمت یہ ہے کہ دودھ بدن کی خشکی دور کرتا ہے- چہرے کا رنگ سرخ کرتا ہے اور خراب فضلات نکالتا ہے اور دماغ کو قوی کرتا ہے۔ طبیعت میں نرمی اور دماغ میں تیزی پیدا کرتا ہے۔
شہد کے فوائد:
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ رسولﷺ کو شہد بہت مرغوب تھا۔ حضوؐر کو شہد اس لئے پسند تھا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اس میں شفاء ہے اور حکماء نے شفاء کے بے شمار فوائد لکھے ہیں مثلاً نہار منہ چاٹنے سے بلغم دور ہوتا ہے، معدہ صاف کرتا ہے اور فضلات دفع کرتا ہے۔ معدے کو اعتدال پر لاتا ہے۔ دماغ کو قوت دیتا ہے۔ مثانہ کیلئے مفید ہے اور گردے کی پتھری دور کرتا ہے-