میری زندگی تو فراق ہے


میری زندگی تو فراق ہے، وہ ازل سے دل میں مکیں سہی
وہ نگاہ شوق سے دور ہیں، رگ جاں سے لاکھ قریں سہی

ہمیں جان دینی ہے اک دن، وہ کسی طرح ہو کہیں سہی
ہمیں آپ کھینچے دار پر، جو نہیں کوئی تو ہمی سہی

سر طور ہو سر حشر ہو، ہمیں انتظار قبول ہے
وہ کبھی ملے، وہ کہیں ملے،، وہ کبھی سہی وہ کہیں سہی

نہ ہو ان پہ میرا جو بس نہیں، کہ یہ عاشقی ہے حوس نہیں
میں انہی کا تھا میں انہی کا ہوں، وہ میرے نہیں تو نہیں سہی

مجھے بیٹھنے کی جگہ ملے، میری آرزو کا بھرم رہے
تیری انجمن میں اگر نہیں، تیری انجمن کے قریب سہی

میری زندگی تو فراق ہے

تیرا در تو ہم کو مل نہ سکا، تیری رہگزر کی زمیں سہی
ہمیں سجدہ کرنے سے کام ہے، جو وہاں نہیں تو یہیں سہی

میری زندگی کا نصیب ہے، نہیں دور مجھ سے قریب ہے
مجھے اسکا غم تو نصیب ہے، وہ اگر نہیں تو نہیں سہی

جو ہو فیصلہ وہ سنائیے، اسے حشر پہ نہ اٹھائیے
جو کریں گے آپ ستم وہاں، وہ ابھی سہی وہ یہیں سہی

اسے دیکھنے کی جو لو لگی، تو نصیر دیکھ ہی لیں گے ہم
وہ ہزار آنکھ سے دور ہو، وہ ہزار پردہ نشیں سہی

نصیر الدین نصیر

MERI ZINDAGI TU FIRAAK HA


اپنا تبصرہ بھیجیں