یااللہ اپنے سوا کسی کا محتاج نہ کرنا


اللہ

ایک مومن بندے سے یہی مطلوب ہے کہ وہ اللہ کا ہی محتاج بنے، اسی سے سوال کرے، اسی کے سامنے اپنی فریاد کرے، مصائب ومشکلات کی آمد پر اسی کی طرف رجوع کرے اور ہرلمحہ اسی کی طرف التفات کرے۔ یہ شرعی حکم ہے اور ہرنماز میں سورہ فاتحہ کے ذریعہ ہم اسی سے مدد طلب بھی کرتے ہیں ، اللہ کا فرمان ہے : إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ (الفاتحة:5)
ترجمہ: ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ سے ہی مدد طلب کرتے ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ صرف ایک ذات ہی خالق ، مالک اور غنی(مالدار ) ہے ، باقی سب اس کی مخلوق ہیں جو سب اس کے در کے محتاج وفقیر ہیں ۔ اللہ کا فرمان ہے : يَا أَيُّهَا النَّاسُ أَنتُمُ الْفُقَرَاءُ إِلَى اللَّهِ ۖ وَاللَّهُ هُوَ الْغَنِيُّ الْحَمِيدُ (فاطر:15)
ترجمہ: اے لوگو! تم سب اللہ کے محتاج ہو اور اللہ تم سب سے بے نیاز(مالدار) اور خوبیوں والا ہے۔
ایک بہت ہی پیاری اور نہایت ہی اہم حدیث جس میں نبی ﷺ نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو بہت ہی قیمتی نصیحت فرمائی ہے مندرجہ ذیل ہے۔
يا غُلامُ إنِّي أعلِّمُكَ كلِماتٍ ، احفَظِ اللَّهَ يحفَظكَ ، احفَظِ اللَّهَ تَجِدْهُ تجاهَكَ ، إذا سأَلتَ فاسألِ اللَّهَ ، وإذا استعَنتَ فاستَعِن باللَّهِ ، واعلَم أنَّ الأمَّةَ لو اجتَمعت علَى أن ينفَعوكَ بشَيءٍ لم يَنفعوكَ إلَّا بشيءٍ قد كتبَهُ اللَّهُ لَكَ ، وإن اجتَمَعوا على أن يضرُّوكَ بشَيءٍ لم يَضرُّوكَ إلَّا بشيءٍ قد كتبَهُ اللَّهُ عليكَ ، رُفِعَتِ الأقلامُ وجفَّتِ الصُّحفُ .(صحيح الترمذي:2516)
ترجمہ: اے لڑکے! بیشک میں تمہیں چنداہم باتیں بتلارہاہوں: تم اللہ کے احکام کی حفاظت کر و،وہ تمہاری حفاظت فرمائے گا، تم اللہ کے حقوق کا خیال رکھو اسے تم اپنے سامنے پاؤ گے، جب تم کوئی چیز مانگو توصرف اللہ سے مانگو، جب تم مدد چاہو توصرف اللہ سے مدد طلب کرو، اور یہ بات جان لو کہ اگر ساری امت بھی جمع ہوکرتمہیں کچھ نفع پہنچانا چاہے تو وہ تمہیں اس سے زیادہ کچھ بھی نفع نہیں پہنچا سکتی جو اللہ نے تمہارے لیے لکھ دیا ہے، اور اگر وہ تمہیں کچھ نقصان پہنچانے کے لئے جمع ہوجائے تو اس سے زیادہ کچھ نقصان نہیں پہنچاسکتی جو اللہ نے تمہارے لئے لکھ دیا ہے، قلم اٹھالیے گئے اور (تقدیر کے)صحیفے خشک ہوگئے ہیں ۔
حَسْبِىَ اللّٰهُ لَآ اِلَهَ اِلَّا هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَ هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيْمِ
میرے لئے اللہ کافی ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، میں نے اس پر بھروسہ کیا اور وہ بڑے عرش کا مالک ہے۔

YA ALLAH APNE SIWA KISI KA MUHTAJ NA KERNA


اپنا تبصرہ بھیجیں