بیوی کیسی بہتر ہے؟


زمانہ تیز ہے جلدی سے شادی ہو تو بہتر ہے
مگر ہے یہ بھی خواہش بیوی سادی ہو تو بہتر ہے

وہ ایسی ہو کہ باتیں اسکی سن کے دل بہلتا ہو
مگر غصے میں چپ رہنے کی عادی ہو تو بہتر ہے

اسے کھانا بنانے کا ہنر بھی خوب آتا ہو
مگر وہ صبر سے سب کچھ ہی کھاتی ہو تو بہتر ہے

ضروری ہے کہ کچھ شوخی بھی اسکی سادگی میں ہو
تو موقعے پر کبھی وہ منہ بناتی ہو تو بہتر ہے

ادب سے بھی شغف رکھتی ہو کہ شاعر کی بیوی ہے
وہ دل کی بات شعروں میں سناتی ہو تو بہتر ہے

ہمیشہ منہ بسورے گھر میں رہنا نامناسب ہے
مگر موقع بموقع روٹھ جاتی ہو تو بہتر ہے

میں گھر جا کر اسے دیکھوں تو دل آرام پاتا ہو
میں جب دیکھوں اسے وہ مسکراتی ہو تو بہتر ہے

کسی موقعے پہ کیسی بات کرنی ہے سمجھتی ہو
کہاں خاموش رہنا ہے سمجھتی ہو تو بہتر ہے

اگرچہ یہ بھی خواہش ہے کہ خود بھی حور جیسی ہو
مگر وہ گھر کو جنت سا بناتی ہو تو بہتر ہے

سویرے گرم چائے بیڈ پہ میرے لے کے آتی ہو
“اٹھیں نا جان” کہہ کر وہ جگاتی ہو تو بہتر ہے

جو گھر سے میں کہیں جاؤں تو مجھ کو یاد کرتی ہو
جو گھر آؤں خوشی سے مسکراتی ہو تو بہتر ہے

اجی ٹینڈے ٹماٹر لے کے آنا سب ہی کہتی ہیں
کبھی وہ بے وجہ بھی کال کرتی ہو تو بہتر ہے

وہ دونوں حسن یعنی سیرت و صورت بھی رکھتی ہو
علاوہ ان کے جو بولا ہے ویسی ہو تو بہتر ہے

نہ ایسی ہو کہ ہر دم ناک میں ہی دم کیے رکھے
کبھی وہ شان تھوڑا سا ستاتی ہو تو بہتر ہے
ذیشان لاشاری

? BIVI KESI BAHTER HAI


اپنا تبصرہ بھیجیں