المقتدر
بڑی قدرت والا
المقتدر اللہ کے خوبصورت ناموں میں سے ایک ہے
المقتدر کے معنی ہیں بڑی قدرت رکھنے والا، جو ہر چیز پر قادرہے،کوئی بھی چیز اس کی قدرت سے باہر نہیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
قُلۡ هُوَ الۡقَادِرُ عَلٰٓى اَنۡ يَّبۡعَثَ عَلَيۡكُمۡ عَذَابًا مِّنۡ فَوۡقِكُمۡ اَوۡ مِنۡ تَحۡتِ اَرۡجُلِكُمۡ اَوۡ يَلۡبِسَكُمۡ شِيَـعًا وَّيُذِيۡقَ بَعۡضَكُمۡ بَاۡسَ بَعۡضٍؕ اُنْظُرۡ كَيۡفَ نُصَرِّفُ الۡاٰيٰتِ لَعَلَّهُمۡ يَفۡقَهُوۡنَ ﴿الانعام: ۶۵﴾
(اے محمد ﷺ ) آپ کہہ دیں کہ وہ (اس پر بھی) قدرت رکھتا ہے کہ تم پر اوپر کی طرف سے یا تمہارے پاؤں کے نیچے سے عذاب بھیجے یا تمہیں فرقہ فرقہ کردے اور ایک کو دوسرے (سے لڑا کر آپس) کی لڑائی کا مزہ چکھادے۔ دیکھو ہم اپنی آیتوں کو کس کس طرح بیان کرتے ہیں تاکہ یہ لوگ سمجھیں
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
كَذَّبُوۡا بِاٰيٰتِنَا كُلِّهَا فَاَخَذۡنٰهُمۡ اَخۡذَ عَزِيۡزٍ مُّقۡتَدِرٍ ﴿القمر : ۴۲﴾
انہوں نے ہماری آیات کو جھٹلا دیاتو ہم نے انہیں پکڑ لیا ایک غالب قدرت والے کی پکڑ۔
اللہ، القادر ہے۔ بمعنی وہ ہر چیز کو ایک اندازے سے پیدا کرتا ہے۔ اور اس کے فیصلے کرتا ہے۔ اسے کوئی چیز عاجز نہیں کر سکتی۔ اور نہ ہی اس کی طلب کردہ کوئی مخلوق اس سے فرار ہو سکتی ہے۔ وہ ایسا قدیر ہے کہ اس کی قدرت کامل ہے۔ جب وہ کسی چیز کو ایجاد کرنے کا ارادہ کرتا ہے تو صرف ”کن“۔ہو جا۔ کہتا ہے اور وہ ہو جاتی ہے۔ وہ مقتدر ہے۔ یعنی اس کی قدرت تمام و مکمل ہے۔ جس کے لئے کوئی کام یا کوئی چیز ناممکن نہیں۔