کورونا وائرس کے دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، اہل خانہ اور دوستوں کے ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا ٹوئیٹ
پاکستان میں کورونا وائرس کے دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔
اس سے قبل تفتان سرحد پر کورونا وائرس کے تدارک کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ تمام ہوائی اڈوں اور زمینی راستوں پر سکریننگ ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہیلپ لائن 1166 بھی قائم کردی گئی ہے۔