اسماء الحسنیٰ – الحکم


الحکم

ہر مخلوق کو حکم دينے والا

الحکم اللہ کے صفاتی ناموں میں سے ایک ہے

الحکم کے معنی ہیں حاکم، انصاف سے فیصلہ کرنے والا، اس کے حکم کو کوئی ٹال نہیںسکتا اور نہ اس میں تبدیلی کرسکتا ہے۔

دانائی والا اور جو کوئی کام عبث اور بے فائدہ نہ کرے۔ اور نہ ہی کوئی حکم بلا فائدہ جاری کرے۔ اللہ سبحانہ ایسا دانا ہے کہ اس نے اپنی مخلوق کو نہایت محکم کر کے پیدا کیا ہے۔ لہذا رحمن کی تخلیق میں کوئی عیب نہیں۔ اور نہ کسی قسم کی کمی ہے۔ اور نہ ہی اس کی شریعت میں کسی قسم کا تضاد اور تناقض ہے۔ اسی لئے بندوں پر واجب ہے کہ وہ اپنے باہمی جھگڑوں کے فیصلے اللہ تعالیٰ کی شریعت کے مطابق کروائیں اور اپنے تمام باہمی معاملات میں شریعت الہی کے مطابق ہی فیصلے کیا کریں۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’’ بے شک اللہ تعالیٰ ہی فیصل ہے۔ اور حکم بھی صرف اسی کا حق ہے۔‘‘

اللہ ایسا حاکم ہے جو اپنے بندوں کے درمیان دنیا اور آخرت میں فیصلہ کرے گا۔ دنیا میں وحی کے ذریعے اپنے بندوں کے درمیان فیصلہ کرتا ہے۔ جو وہ اپنے انبیاء پر نازل کرتا ہے۔ اور آخرت میں اپنے بندوں کے دنیاوی اختلاف کے متعلق اللہ تعالیٰ اپنے علم کے مطابق فیصلے کرے گا۔ پھر وہ اہل باطل اور مشرکوں کے خلاف اہل حق اور اہل توحید کی حمایت کا فیصلہ کرے گا۔ اور ہر مظلوم کے لئے انصاف کے ذریعے ظالم سے اس کا حق دلائے گا۔ اور اللہ تعالیٰ اپنے اقوال ، افعال اور اپنے فیصلوں میں عادل حکمران ہے۔

Al Hakam
Hukam Dainay Wala


اپنا تبصرہ بھیجیں